پاک فوج سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گی،آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا ہے کہ پاک فوج سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے لسبیلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لال گوٹھ میں سیلاب متاثرین کیلئےقائم گاوں کاافتتاح کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کوئٹہ کور، ایف ڈبلیو او، فرنٹیئر کور بلوچستان، کوسٹ گارڈز کے دستوں سے بات چیت کی جبکہ آرمی چیف نے حالیہ سیلاب میں بچاؤ، امداد اور بحالی کے عمل کے دوران سپاہ کی کاوشوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایف ڈبلیو او کے ڈائریکٹر جنرل نے تعمیراتی کاموں پر آرمی چیف کو بریفنگ دی۔آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ آرمی چیف کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل کمال اظفر کی بریفنگ دی گئی جبکہ آرمی چیف کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جاری کام کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے لال گل گوٹھ میں نئے جدید پرائمری اسکول کے اساتذہ، طلباء، مقامی افراد سے بھی ملاقات کی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج، وفاقی، صوبائی حکومتوں کے تعاون سے بحالی کے عمل کو تیز کرنے کی ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کے لسبیلہ کے دورے کے موقع پر اعلیٰ سول اور ملٹری حکام بھی موجود تھے جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر، انجنئیر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل کاشف نذیر بھی موجود تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ گاؤں سیلاب متاثرین کے لیے قائم کیا گیا جو اپنے گھروں سے محروم ہو گئے تھے، گاؤں لال گل گوٹھ حالیہ سیلاب میں بری طرح تباہ ہو گیا تھا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تباہ کن سیلاب سے مویشی، لوگوں کا ذاتی سامان، بنیادی ڈھانچہ مکمل ختم ہو چکا تھا، نئے تیار کردہ گاؤں میں شمسی توانائی سے روشن پرائمری اسکول، ٹیوب ویل فراہم کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن نے منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا، پاک فوج نے گاؤں کے باسیوں سے ان کے لیے گھروں کی جلد تعمیر کا وعدہ کیا تھا۔