ہم بیروزگار نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہم بیروزگار نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے شکارپور میں جمیعت علمائے اسلام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کا دنیا میں مذاق اڑایا، عمران خان کا ایجنڈا نامکمل ہے اس لئے وہ حکومت مانگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے خاتمے اور مغربی تہذیب پاکستان لانے کا ایجنڈا نامکمل ہے، عمران خان سن لو جمعیت علمائے اسلام تمہارے مقابلے میں کھڑی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آزادی کے الفاظ صرف چار پانچ روز کے ہیں، عمران خان ایک بات پر نہیں ٹہرتے ایک دن میں چار بیان اور زبان بدلتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کہتا تھا لاکھوں نوکریاں دوں گا جبکہ عمران خان نے تیس چالیس لاکھ نوجوانوں کو بے روزگار کیا۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ اب ہم بیروزگار نوجوانوں کو نوکریاں دیں گے، ہم نے آنے والی نسل اور اس ملک کو بچانا ہے اور اب ہم نے اپنی تحریک کو آگے بڑھانا ہے۔