بلاول بھٹو ووٹ نہ بھی مانگتے تون لیگ آصف زرداری کو دیتی،مریم نواز

ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس لاہور میں ہوا۔اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بلاول بھٹو نہ بھی مانگتے تو بھی ن لیگ آصف زرداری کو ووٹ دیتی، ہم جھگڑوں کو آگے لے کر چلیں توعوام کا نقصان ہوگا۔ہم الیکشن میں مدمقابل تھے، جمہوریت میں مقابلہ ہوتا ہے، ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک کے لیے فیصلہ کرنا ہوتا ہے، کوئی بھی جماعت اکیلے ملکی مسائل حل نہیں کرسکتی۔وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھاکہ اتحادی جماعتوں کا ایجنڈا ملک کو بحران سے نکالنا ہے، رمضان پیکج میں بلاتفریق سب کی امداد کی جارہی ہے، آج خواتین کا عالمی دن ہے، ایسا لگتا ہے کہ پنجاب اسمبلی پر خواتین کا قبضہ ہے، میں تمام جماعتوں کی وزیراعلیٰ ہوں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے پنجاب پبلک سروس کمیشن کے تحت نوکریوں میں خواتین کا کوٹہ 15 فیصد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنا میری ریڈ لائن ہے، مجھے بھی ہراسانی سمیت دیگر معاملات نے کندن بنایا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے فاطمہ جناح، بے نظیر بھٹو اور والدہ کی یاد آرہی ہیں، آصف زرداری سیاسی اتار چڑھاؤ کو سمجھتے ہیں، گزشتہ 5 سال سے ایوان صدر سے آئین شکنی ہوتی رہی، صدر مملکت کسی جماعت کا نہیں پورے ملک کا ہوتا ہے، صدر مملکت کی ذمہ داری پورے ملک کا خیال کرنا ہے، امید ہے کہ اب آئین شکنی کی روایت ٹوٹے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں