ملک بھر میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا

آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے سبب ملک بھر میں پٹرول و ڈیزل کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا۔نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (پی پی ڈی اے)کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ کراچی میں متعدد پٹرول پمپس کے پاس تیل کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے اور ان پر فروخت بند ہو چکی ہے۔ تاہم باقی ملک میں تاحال پٹرول پمپس متاثر نہیں ہوئے.ابتدائی طور پر کیماڑی کے ٹرمینلز اور پورٹ قاسم سے پٹرول و ڈیزل کی سپلائی روکی گئی تھی تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پر حرکت میں آ گئے اور ملک کے بیشتر علاقوں میں تیل کی فراہمی یقینی بنائی۔ آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کی طرف آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے سبب وزارت تیل کو سپلائی کے مسائل کے متعلق پہلے ہی آگاہ کیا جا چکا ہے۔ آل پاکستان آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن (اسلام آباد ریجن) کے ترجمان نعمان علی بٹ نے بتایا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور کشمیر کے لیے تیل کی سپلائی عارضی طور پر رک گئی ہے۔ اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں کے ساتھ گفت و شنید جاری ہے۔ واضح رہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی طرف سے کرائے بڑھانے اور آئل پائپ لائن ٹرانسپورٹیشن کوٹہ میں اضافے کے لیے ہڑتال کی جا رہی ہے۔ایسوسی ایشن کا مطالبہ ہے کہ ان کا کوٹہ 30فیصد سے بڑھا کر 65فیصد کیا جائے۔ اس کے علاوہ ایسوسی ایشن کی طرف سے تیل کی سپلائی کے لیے پرانی گاڑیاں استعمال کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں